سرینگر (جموں کشمیر) :ورلڈ یونانی ڈے کی نسبت سے جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ عظیم یونانی اسکالر ’’حکیم اجمل خان‘‘ کے یوم ولادت کی نسبت سے ہی ہر سال 11فروری کو عالمی یونانی دن منایا جاتا ہے۔ اس ضمن میں گرمائی دارالحکومت سرینگر میں بھی محکمہ آیوش کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آیوش سمیت یو ٹی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق تقریب کا بنیادی مقصد حکیم اجمل خان کی طبی خدمات کو خراج عقیدت کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو یونانی طرز علاج کے بارے میں آگاہ کرانا اور اس ضمن میں مرکز کی جانب سے مفت ادیوات و علاج و معالجہ کی جانکاری بھی دینا ہے۔ ڈل جھیل کے کنارے پر واقع ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ تقریب میں محکمہ آیوش کے ڈائریکٹر ڈاکٹر موہن سمیت سیکریٹری برائے گورنمنٹ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے بھی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یونانی طرز علاج پر اپنے زریں خیالات کا اظہار کیا۔