بارہمولہ، بڈگام (جموں کشمیر) :دنیا بھر میں 31 مئی کو World No Tobacco Day منایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں وادی کشمیر میں بھی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ وادی کشمیر کے طول و ارض میں سیمنارز اور آگاہی پروگرامز کے ساتھ ساتھ ریلیز بھی منعقد کی گئیں، جس دوران عوام کو تمباکو اور سگریٹ نوشی سے دور رہنے کی تلقین کی گئی جبکہ شرکاء نے از خود تمباکو نوشی سے دور رہنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے حلف اٹھایا۔
- سوپور میں ریلی
شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بھی مختلف اسکولوں کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ نرسنگ کالج کے طلباء نے ایک ریلی برآمد کی۔ ریلی میں شامل طالبات نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے متعلق پیغامات درج تھے۔ اس دوران میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے طالبات نے کہا ’’کہ آج کا دن صرف ریلیز اور سمپوزیم تک ہی محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ ہر سال تمباکو نوشی سے مرنے والے افراد کے متعلق سنجیدگی کے ساتھ غور و خوض کرنا چاہئے اور تمباکو نوشی سے لوگوں خاص کو نوجوان نسل کو دور رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔‘‘