رامبن:مرکز کے زیر انتطام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ڈگڈول کے مقام پر نو تعمیر فور لین ٹنل کے باہر کام کرنے والے تمام مزدوروں نے ٹاٹا پروجیکٹس و نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کے خلاف مختلف مطالبات کو کے کر ہڑتال شروع کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنی کی عدم توجہی کے سبب انہیں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مزدورں نے کہا کہ انہیں لیبر قوانین کے تحت تنخواہیں نہیں مل رہی ہیں۔ وہیں کئی ماہ بعد بغیر سلپ کی تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ پی ایف و دیگر الاؤنس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔وہیں دوسری جانب ٹنل کے اندر غیر معیاری شارٹ کریٹ کے کام کو لیکر تعمیری کمپنی کو آئی سی ٹی کی جانب سے کئی نوٹس جاری کئے گئے ہے ۔ہدایات دی گئی ہے کہ ٹنل کے اندر معیاری کام انجام دیا جائے۔ واضح رہے کہ کہ ماروگ سے ڈگڈول کی درمیان دو ٹیوب ٹنل کا کام ٹاٹا پروجیکٹس کو الاٹ ہوا تھا۔