گاندربل:جموں کشمیر پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے گنڈ علاقے میں لاکھوں روپے مالیت کی غیر قانونی جنگلاتی جڑی بوٹیوں کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔ گاندربل پولیس نے بھاری مقدار میں جنگلاتی جڑی بوٹی ضبط کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جڑی بوٹیوں کی قیمت کا تخمینہ لاکھوں روپے لگایا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس اسٹیشن گنڈ کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ سمگلرز جنگلات سے غیر قانونی طور پر نکالی گئی جڑی بوٹیوں کو سمگل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اس اطلاع پر ایس ڈی پی او کنگن محمد اشرف کی نگرانی میں ایس ایچ او لطیف احمد کی سربراہی میں ایک پولیس پارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ناکہ قائم کیا۔ پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک لوڈ کیریئر گاڑی (زیررجسٹریشن نمبر JK18-6566) کو روکا جس میں 16 تھیلوں میں بھری جنگلاتی جڑی بوٹی (کوٹھہ) کو ضبط کر لیا۔