سرینگر:وسیع پیمانے پر بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور اس دوران بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔ محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 18.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 30.0 ملی میٹر،کپوارہ میں 13.0 ملی میٹر اور کوکرناگ میں 21.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ وادی کے معروف سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں اس دوران بالترتیب 15.0ملی میٹر اور 7.0 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے مزید بتایا کہ وادی کشمیر میں 20 اپریل کو بھی مطلع کلی یا جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں وادی میں 21 سے 25 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بعد دوپہر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وادی میں 26 اور 27 اپریل کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں بارشوں کا بھی امکان ہے۔ محکمے نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 21 اپریل کے بعد کھیت کھلیانوں اور باغات میں اپنے آپریشنز چلا سکتے ہیں۔