سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے۔ سرینگر سمیت صوبے جموں میں بھی آج موسلا دھار بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے اعلیٰ افسر نے اس حوالے سے بتایا کہ جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش و برفباری ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر 2 مارچ کی رات تک مزید برف و باراں کا امکان ہے اور اس کے بعد اس میں کمی آسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پیچ کچھ مقامات پر خاص طور پر شمالی کشمیر، وسطی اور جنوبی کشمیر اور جموں ڈویژن کے پیر پنجال رینج کے اونچائی والے علاقوں میں بھاری برفباری ہوسکتی ہے۔محکمہ کے افسر نے مزید کہا کہ جموں ڈویژن کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور ژالہ باری کے امکانات بھی ہے۔