پلوامہ (جموں و کشمیر):جموں وکشمیر میں 10 سال کے بعد اسمبلی انتخابات ہونے جارہے ہیں اور پہلے مرحلے کے تحت 18 ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ضلع پلوامہ میں سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ مقامی لوگوں میں بھی جوش ہے ان لوگوں کا کہنا ہے کہ روزگار کے ساتھ ساتھ علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے ووٹ دیں اور ایسے امیدوار کو منتخب کریں جو یہاں نتائج کے بعد بھی علاقے کا دورہ کرتا رہے۔
سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی ووٹروں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لئے مہم چلا رہے ہیں اور اپنا منشور عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کئی لوگوں سے بات کی گئی اور انہوں نے اپنی رائے بھی ظاہر کی۔ یہاں کے باشندے نور احمد وانی نے ای ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے حلقے کے رہنما سے کافی امیدیں ہیں کہ وہ اس علاقے کے مسائل حل کریں گے۔
اس سلسلے میں اعجاز علی نے ای ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 15 سالوں سے ہمیں نظر انداز کیا گیا۔ یہاں پر بجلی، پانی اور سڑکوں کی حالات کافی خستہ ہوچکی ہے اور ہم امید کرتے کے انتخابات کے بعد ہمارے مسائل حل ہونگے۔ اس سلسلے میں عبدالرشید نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا امیدوار سامنے آنا چاہیے جو ہمارے مسائل کو حل کرسکے اور اس میں سب سے اہم روزگار کا مسٔلہ ہو جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔