پلوامہ: ضلع پلوامہ کے چکورہ علاقے میں کئی لوگ مختلف اقسام کی سبزیوں کی پنیری تیار کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کی سبزیاں اگاتے ہیں، جسے وادی کے علاوہ باہر بھی فروخت کرنے کے لیے بھیجا جاتا ہے۔ اس سے نہ صرف ان لوگوں کی مالی حالت مستحکم ہو رہی ہے بلکہ وہ دوسرے لوگوں کو بھی روزگار کمانے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔ علاقے میں دس کے قریب ایسے لوگ ہے جو مختلف اقسام کی سبزیوں کی پنیری کو تیار کر رہے ہیں، جن کو فروخت کرکے یہ اپنا روزگار حاصل کر رہے ہیں۔
محمکہ زراعت ان کسانوں کو سبزیوں کے بیج اور دیگر مالی معاونت فراہم کر رہا ہے تاکہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔ اگر ہم دوسری جانب دیکھیں تو سرما میں وادی میں سبزیوں کی کاشت نا ممکن ہوتی تھی، جب کہ وادی کے لوگ سرما کے دوران خشک سبزیوں کا زیادہ استعمال کرتے تھے۔ تاہم کسانوں کی انتھک محنت اور محمکہ زراعت کی کوشش کے سبب اب وادی میں بھی سرما کے دوران سبزیوں کی کاشت ممکن ہو سکی ہے۔
اس ضمن میں کسان عبدالرشید نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں پچھلے کئی برسوں سے سبزیوں کی پنیری تیار کررہا ہوں جب کہ مختلف اقسام کی سبزیاں بھی تیار کرتا ہوں، جہاں سے مجھے روزگار حاصل ہورہا ہے اور میں باقی لوگوں کو بھی روزگار فراہم کررہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو بھی اس کام میں آنا چاہیے تاکہ وہ خود روزگار کمانے کے اہل ہوں، اس کے ذریعے وہ دوسرے لوگوں کو بھی روزگار فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سبزیاں اگانے میں زیادہ محنت تو نہیں لگتی ہے تاہم یہ کافی منافع بخش کاروبار ہے۔