جموں (جموں کشمیر) :ماتا ویشنو دیوی کے درشن کرنے والے یاتریوں کو اب ’’ماتا بھون‘‘ سے پرساد کے طور پر ایک پودا دیا جائے گا، جسے یاتری گھر گھر پہنچائیں گے اور شجر کاری کو فروغ دیں گے۔ ویشنو دیوی شرائن بورڈ اس پہل کو جون کے پہلے ہفتے سے شروع کرنے جا رہا ہے۔ شرائن بورڈ کے عہدیداروں کے مطابق یہ پہل لوگوں میں ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے شروع کی گئی ہے تاکہ ہر گھر میں پودے لگائے جائیں اور لوگ زیادہ سے زیادہ ماحول کے تحفظ کے تئیں بیدار ہوں۔
شرائن بورڈ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل وہ انتہائی کم نرخوں پر پودے فراہم کر رہے تھے تاہم اب جون کے پہلے ہفتے سے ماحولیاتی تحفظ کے لیے یاتریوں میں پودے بالکل مفت تقسیم کیے جائیں گے۔ شرائن بورڈ کی جانب سے نہاریکا بھون میں ایک کاؤنٹر قائم کیا جا رہا ہے جہاں یاتریوں کو پرشاد کے طور پر مختلف قسم کے پودے دئے جائیں گے اور عقیدت مند اپنی پسند کا پودا بھی لے جا سکتے ہیں تاکہ وہ پودے کو پرشاد کے طور پر آبائی علاقے لے جا سکیں اور اس کی دیکھ بھال کر سکیں۔