اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

لداخ کے سابق رکن پارلیمان حاجی حسن خان کا انتقال - HAJI HASSAN KHAN PASSES AWAY

لداخ کے سابق رکن پارلیمنٹ سینئر سیاستدان حاجی غلام حسن خان 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

لداخ کے سابق رکن پارلیمان حاجی حسن خان کا انتقال
لداخ کے سابق رکن پارلیمان حاجی حسن خان کا انتقال (ETV BHARAT)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 17, 2024, 3:02 PM IST

رنچین انگمو چھومکچن

لیہہ، لداخ: پارلیمنٹ میں لداخ کی دو بار نمائندگی کرنے والے سینئر سیاستدان حاجی غلام حسن خان انتقال کرگئے ہیں۔ سیاست میں قدم رکھنے سے قبل حسن خان جموں و کشمیر پولیس میں افسر تھے اور بطور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سبکدوش ہوئے تھے۔

ان کی وفات پر کئی سیاسی لیڈروں نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ حسن خان 88 برس کے تھے لیکن چند ماہ سے ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ ان کے لواحقین میں ان کے فرزند فیروز خان ہیں جو عمر عبداللہ کی حکومت میں وزیر مملکت تھے اور لداخ پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر بھی رہے ہیں۔ حسن خان 1999 میں پہلی بار لداخ سے 13ویں لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے لیکن 2004 میں انہیں تھپسن چیوانگ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

تاہم 2009 میں وہ دوبارہ 15ویں لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ حاجی غلام حسن خان گیارہ دسمبر 1936 کو کرگل کے سلمو گاؤں میں پیدا ہوئے حسن خان طویل عرصہ تک اس پچھڑے ہوئے خطے میں ایک کامیاب شخصیت کے طور اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہے۔ ان کے انتقال نے پورے خطے کو رنج و الم میں ڈال دیا ہے۔ متعدد رہنماؤں، علماء اور شہریوں نے ان کی خدمات کو دلی خراج تحسین پیش کیا ہے۔

لداخ پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر ڈاکٹر محمد جعفر آخون نے ایک پیغام میں کہا کہ حسن خان کا انتقال صرف ان کے خاندان کے لیے نہیں بلکہ پورے کرگل اور لداخ کے لیے نقصان ہے۔ ہل کونسل کی جانب سے میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔ وہ نیشنل کانفرنس کے سینئر ترین رہنماؤں میں سے ایک تھے اور خطے کے لیے رہنما شخصیت تھے۔

لداخ پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر تاشی گیالسن نے کہا کہ انہیں حاجی غلام حسن خان کے انتقال کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا۔ علاقے کے لیے ان کی بے پناہ خدمات اور عوام کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے، لداخ کے موجودہ ممبر پارلیمنٹ حاجی حنیفہ جان نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر لکھا، "ایک مخلص سیاست دان اور سچے سیاستدان کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ ایک ریٹائرڈ ڈی آئی جی، دو بار ممبر پارلیمنٹ، اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر، انہوں نے اپنی زندگی لداخ اور اس کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی۔

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل سکریٹری اور سابق وزیر قمر علی آخون نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، "میں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس میں، میرے ساتھی اور لداخ کے ایک باہمت رہنما حاجی غلام حسن خان کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ لداخ سے رکن پارلیمنٹ کے طور پر دو مرتبہ خدمات انجام دینے کے بعد، ان کی غیر موجودگی سیاسی اور سماجی شعبوں میں ایک خلا پیدا کرتی ہے جسے پر کرنا ناممکن ہے۔

جموں و کشمیر قانون ساز کونسل کے سابق چیئرمین اور اسلامیہ سکول کرگل کی یوتھ ونگ کے سابق صدر حاجی عنایت علی نے کہا "حاجی غلام حسن خان کی لداخ کے لوگوں بالخصوص کرگل کے لیے بے پناہ لگن،ایک عوامی نمائندے کے طور ہمیشہ رہے گی۔ ان کا انتقال کمیونٹی اور علاقے کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ وہ ایک با بصیرت رہنما، جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل (جے یو آئی اے کے) کے بانی رکن، اور ایک سرشار سماجی کارکن تھے جنہوں نے کرگل کی قیادت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں:رامبن میں مخصوص افراد کے لیے کیمپ کا انعقاد

لداخ کے سابق ایم پی جمیانگ چھیرنگ نمگیال نے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، لداخ کے سابق ایم پی حاجی غلام حسن خان کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا ہے۔وہ ایک باہمت عوامی خادم تھے، لداخ کی ترقی میں ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید برآں، رگزن نمگیال، صدر، ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی لیہہ نے اپنے پیغام میں لکھا، "ضلع کانگریس کمیٹی لیہہ کی جانب سے ہم اپنے معزز رہنما، سابق ممبر حاجی غلام حسن خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کے انتقال نے ہمارے دلوں اور لداخ کے سیاسی منظر نامے میں ایک خلا چھوڑ دیا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details