بڈگام:وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں محکمہ ماہی پروری کے ٹراؤٹ فش فارم کھاگ نے اس سال چار لاکھ سے زیادہ رینبو ٹراؤٹ مچھلی سیڈلنگ کے بیج تیار کرنے کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ اس نے اپنے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں ساتھ ہی فارم ہیچری میں مزید پیداوار پر کام جاری ہے۔
کھاگ ٹراؤٹ فش فارم کے منیجر ریاض احمد خان نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں صرف رینبو ٹراؤٹ کی ماہی پروری ہوتی ہے اور ساتھ ہی رینبو ٹراؤٹ کلچر بھی فارم کی ہیچری میں کیا جاتا ہے۔ یہ ضلع بڈگام کا واحد فش فارم ہے جس میں یہ ایک ہیچری ہے، جو نہ صرف پورے ضلع کے نجی فش فارموں کی ضرورت کو پورا کرتی ہے بلکہ وسطی اور شمالی کشمیر کے اضلاع کی سیڈلنگ کی مانگ کو بھی پورا کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ یہاں پر بیج کی پیداوار کا سابقہ ریکارڈ ڈیڑھ لاکھ تھا اور فارم میں صرف دو امریکی ریس ویز تھے، جب سے میں نے یہ فارم سنبھالا ہے، ہم نے اس ہیچری سے چار لاکھ سے زائد رینبو ٹراؤٹ مچھلی کی سیڈلنگ تیار کی ہیں، مزید پیداواری پر کام جاری ہے اور جلد ہی یہاں پر سیڈلنگ دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہاں سال بھر رینبو ٹراؤٹ فروخت ہوتی ہیں اور اس سے سالانہ آمدنی پندرہ لاکھ سے زائد ہوتی تھی۔ اس سال یہ 25 لاکھ سے تجاوز کی جائے رہی، اگر اس میں ٹراؤٹ مچھلی کے سیڈلنگ کی آمدنی کو بھی شامل کیا جائے تو کل آمدنی پچاس لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔