اننت ناگ میں پولیس نے نکالی ترنگا ریلی حب الوطنی کا کیا اظہار
اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں جموں کشمیر پولیس کی جانب سے ترنگا بائیک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی میں ایس ایس پی اننت ناگ سندیپ چکرورتی کے علاوہ پولیس افسران کے ساتھ ساتھ سیکڑوں جوانوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی کو ایس ایس پی اننت ناگ نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی ڈسٹرکٹ پولیس لائنز اننت ناگ سے نکالی گئی جو کے پی روڑ، مٹن سے ہو کر شہید ہمایوں ڈگری کالج کھنہ بل اننت ناگ میں پر امن طور اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں تمام شرکاء نے عہد کیا کہ وہ ’’ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے اور ملک کے اتحاد اور یکجہتی کے قیام کے لیے جد و جہد کریں گے۔ قوم کے تئیں فرائض اور ذمہ داریوں کو ہر ممکن پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔‘‘ علاوہ ازیں ملک کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور قوموں کے دفاع اور ترقی کے لیے بھی عہد کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی اننت ناگ نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت لازمی ہے انہوں نے حب الوطنی کے ساتھ ساتھ ملک اور قوم کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار اور پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا: ’’یہ مہم ضلع بھر میں سلسلہ وار تقریبات کے ذریعے ملک کے لئے جانیں قربان کرنے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا جائے گا۔‘‘ منتظمین کے مطابق اسطرح کے پروگرام ضلع بھر میں ان دنوں جاری رہیں گے۔
ترال، پلوامہ میں میگا ترنگا ریلی
پلوامہ: پیر کے روز جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں انتظامیہ کی جانب سے ایک میگا ترنگا ریلی کا اہتمام کیاگیا۔ ریلی میں پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران کے علاوہ اسکولی طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی، بجہ ونی اسپورٹس اسٹیڈیم ترال سے شروع ہوئی اور بس اسٹینڈ ترال میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت اے ڈی سی ترال ساجد نقاش اور ایس ایس پی اونتی پورہ کر رہے تھے۔