بارہمولہ (جموں کشمیر):شمالی کشمیر کے سرحدی علاقہ اوڑی میں تاجل گاؤں نامی ایک بستی میں شبانہ آتشزدگی کی ایک واردات میں تین رہائشی مکان اور ان میں موجود املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ ایک رہائشی مکان سے دوران شب اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دو اور رہائشی مکانوں کو اپنی زد میں لیا۔
لوگوں نے بتایا کہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو فوری طور پر اطلاع دی گئی جبکہ مقامی رضاکاروں نے آگ کو قابو میں کرنے کی کوششیں کی۔ بالآخر فائر ٹینڈرز نے آگ پر قابو پا لیا تاہم اس دوران آگ کی زد میں آ چکے تینوں رہائشی مکان خاکستر ہو گئے۔ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ نے بتایا کہ انہوں نے کافی مشقت کے بعد آگ کو قابو میں کر لیا اور واردات میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم متاثرین نے بتایا کہ آگ کے سبب لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے۔