بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں جموں کشمیر پولیس نے تین منشیات اسمگلروں اور ایک لشکر طیبہ کے او جی ڈبلیو (LeT OGW) کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس نے جیل روانہ کیے جانے والے منشیات فروشوں کی شناخت برکت احمد ڈار ولد عبد الاحد ڈار ساکنہ شیر کالونی سوپور، عمر بشیر زرگر ولد بشیر احمد زرگر ساکنہ بہرام پورہ رفیع آباد اور مصیب بشیر لون ولد بشیر احمد لون ساکنہ وڈورہ پائین، سوپور کے طور پر کی ہے۔ انہیں PIT-NDPS ایکٹ کے تحت حراست میں لیکر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے جموں کے سینٹرل جیل کوٹ بلوال بھیج دیا گیا ہے۔
سوپور پولیس کا کہنا ہے کہ جیل بھیجے گئے منشیات فروشوں کے خلاف اس سے قبل بھی کئی مقدمات درج تھے اور سوپور سامیت ضلع بارہمولہ کے مختلف علاقوں کے نوجوانوں کو منشیات فراہم کر کے منشیات فروشی کو عام کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے تھے۔ سوپور پولیس کا کہنا ہے کہ ان منشیات فروشوں کو کئی بار وارننگ بھی دی گئی تاہم اس کے باوجود وہ منشیات فروشی سے باز نہ آئے اور بالآخر ان کے خلاف ڈوزیئر تیار کرکے مجاز اتھارٹی کی جانب سے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراستی حکمنامہ حاصل کرنے کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا۔