اننت ناگ (جموں کشمیر) :سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 40 اور 164 بٹالین کے اشتراک سے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے دیالگام میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ طبی کیمپ میں آئے لوگوں کا ماہر ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کیا اور انہیں طبی مشوروں سے بھی نوازا، جبکہ اس موقع پر سی آر پی ایف کی جانب سے ادویات بھی مفت تقسیم کی گئیں۔
سی آر پی ایف کی جانب سے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت یہ مفت میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا تھا جس میں دیالگام سمیت ملحقہ دیہات کے کئی افراد نے شرکت کی۔ سی آر پی ایف افسران نے بتایا کہ لوگوں کی فلاح وبہبود کے لئے وقتاً فوقتاً اس طرح کے کیمپس کا اہتمام عمل میں لایا جاتا ہے اور اسی نیک پہل کے چلتے سی آر پی ایف کی 40 بٹالین اور 164 بٹالین کی جانب سے غریب اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لئے آج اس طرح کا مشترکہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’سی آر پی ایف کے جوان ہر صورت میں لوگوں کا دفاع اور خدمت کرنے کے لئے پیش پیش رہتے ہیں اور اس طرح کی کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گیں تاکہ عوام کو راحت پہنچائی جا سکے۔‘‘