بڈگام: 12 سالہ بچے کی بے مثال بہادری، تیندوے سے لڑ کر چھوٹے بھائی کو بچایا بڈگام(جموں و کشمیر): وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ایک 12 سالہ بچے نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے چھوٹے بھائی کو تیندوے کے خوفناک حملے سے بچا لیا۔ یہ واقعہ پیر کے روز افطار کے وقت کھیل کھیلنے کے دوران پیش آیا۔ عاقب جاوید نام کے اس لڑکے کی شجاعت نے ارکان خاندان اور گاؤں والوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
چوتھی جماعت کے طالب علم عاقب نے تیندوے کے حملے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ "ہم کھیل رہے تھے کہ اچانک میں نے اپنے گھر کے قریب کسی مشکوک چیز کی حرکت محسوس کی۔ اس سے پہلے کہ میں اسے سمجھ پاتا، تیندوے نے میرے چھوٹے بھائی پر حملہ کر دیا۔"
اس نازک موقعے عاقب نے تیزی سے فیصلہ کرتے ہوئے اپنی جیب سے کرکٹ کی گیند نکالی اور اسے تیندوے کی آنکھ پر دے مارا۔ عاقب کے اس غیر متوقع پلٹ وار نے تیندوے کی توجہ اس کے چھوٹے بھائی سے ہٹا دی۔ اس نے اپنے بھائی سے لگاؤ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے اسے بچانا تھا، وہ میرا بھائی ہے۔"
تاہم، خطرہ برقرار تھا کیونکہ تیندوا اب ایک اور حملے کے لیے تیار تھا۔ لیکن اسی دوران عاقب کے دوست نے مداخلت کرتے ہوئے شکاری پر اینٹ حملہ کر دیا اور اسی کے ساتھ دونوں بچوں نے پوری طاقت سے شور مچا کر گاؤں والوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ اس طرح دونوں بچوں نے مل کر چیتے کو خوفزدہ کر کے ایک ممکنہ سانحے کو ٹال دیا۔
دل دہلا دینے والے واقعے کو بیان کرتے ہوئے عاقب نے اس بات پر راحت کا اظہار کیا کہ اس کے بھائی کی جان بچ گئی۔ اسی گاؤں میں حال ہی میں ایک لڑکی تیندوے مہلک حملے میں فوت ہو گئی تھی۔ عاقب نے جذبات سے لبریز آواز میں کہا کہ "مجھے سب سے زیادہ خوف یہ سوچ کر ہوا تیندوے نے گزشتہ ہفتے اسی گاؤں میں ایک لڑکی پر حملہ کیا جس میں وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھی۔"
مزید پڑھیں:نیو کالونی مندورہ ترال میں تیندوے کی موجودگی سے عوام میں تشویش
تاہم، خاندان کی جدوجہد تیندوے کے پیچھے ہٹنے پر ختم نہیں ہوئی۔ اپنے گاؤں میں نیٹ ورک کی سہولیات کی کمی کی وجہ سے انہیں عاقب کے بھائی کے لیے فوری طبی امداد حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ "ہم اپنے بھائی کو ہسپتال لے جانے کے لیے ڈرائیور تک نہیں پہنچ سکے۔" خاندان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، دور دراز علاقوں میں بہتر انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔