سی ای او، سرینگر اسمارٹ سٹی، ڈاکٹر اویس احمد کے ساتھ خاص ملاقات (ای ٹی وی بھارت) سرینگر (جموں کشمیر):شہر سرینگر میں اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری تعمیراتی کاموں کو جون تک مکمل کیا جا رہا ہے جب کہ اہم اور مصروف ترین سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے اور آنے والے ہفتوں میں لوگوں کو واضح تبدیلی دیکھنے کو ملی گی۔ ان باتوں کا اظہار سرینگر اسمارٹ سٹی کے سی ای اور میونسپل کارپوریشن سرینگر کے کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے ای ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین کے ساتھ ایک خاص بات چیت کے دوران کیا۔
ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ ابتدائی طور پر اسمارٹ سٹی کے تحت کل 98 پروجیکٹس ہی تھے لیکن بعد میں شہر سرینگر میں مزید تعمیراتی کاموں کو در دست لیا گیا ہے جن میں سے بیشتر بڑے پروجیکٹس کو مکمل کر لیا گیا ہے اور اب تقریباً صرف 50 ہی ایسے تعمیری کام رہ گئے ہیں جن پر اس وقت سرعت کے ساتھ کام جاری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرن نگر - ایس ایم ایچ ایس (اسپتال) کی مصروف ترین سڑک پر بھی ڈرنیج سسٹم کو مکمل کیا گیا ہے۔ اب چند دنوں میں ہی اس سڑک پر میگڈمائزیشن کا کام شروع کیا جا رہا ہے جس کے بعد لوگوں کو ٹریفک جام سے نجات اور چلنے پھرنے میں راحت ملے گے۔ اسی طرح ڈلگیٹ- گوجوارہ سڑک پر بھی آنے والے ہفتے میں میگڈمائزیشن کا کام شروع ہو رہا ہے۔
ان سڑکوں پر سفر کرنے والے لوگوں کی مشکلات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر اوس احمد نے کہا کہ موسم سرما اور مصروف ترین سڑکیں ہونے کی وجہ سے کام کرنے والی ایجنسیز کو مشکلات درپیش آئیں۔ وہیں دوسری جانب مسلسل بارشوں کے نتیجے میں بھی کام کافی حد تک تاخیر کا شکار ہوا، ایسے میں اب آنے والے دنوں میں اہم تعمیری پروجیکٹس کو اس ماہ کے آخر میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
آپسی تال میل کے فقدان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس ایجنسی کو یہ کام سونپ دیا گیا ان کے ذمے نہ صرف ڈرنیج کی تعمیر بلکہ سڑک کا کام بھی انجام دینا ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ کسی کسی پروجیکٹ پر محکمہ یو ای ای ڈی بھی کام کر رہا ہے۔ ایسے میں ہو سکتا ہے کہ کسی جگہ محکموں کے آپسی تال میل کا فقدان ہو لیکن اسمارت سٹی پروجیکٹس پر جاری کاموں کے دوران آپسی تال میل کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ بروقت تعمیری کام مکمل کیا جا سکے۔
اسمارٹ سٹی بسوں میں شہر سرینگر میں ٹرانسپورٹ نظام میں آئی بہتری پر بات کرتے ہوئے سی ای او سمارٹ سٹی ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ شہر سرینگر اور مضافاتی علاقوں میں ای بسوں کو متعارف کیے جانے سے پبلک ٹرانسپورٹ سروس میں نمایاں بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے، عام مسافرین مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہیں جو کہ ہماری لیے خوش آئند بات ہے۔ لوگوں کے اس مثبت ردعمل کو ملحوظ رکھ کر مزید ای بسوں کو شہر سرینگر کی سڑکوں پر متعارف کیا جائے گا اور مزید ای بسیں لائی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سمارٹ سٹی پروجیکٹ ماسٹر پلان کی خلاف ورزی، تاریگامی