سرینگر:سرینگر کی ایک فاسٹ ٹریک عدالت نے ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کو سرینگر کے جبہ کدل علاقے میں ایک 25 ساکہ لڑکی کے اغوا اور عصمت دری معاملے میں آٹھ برس کی قید سنائی۔ کورٹ نے مجرم پر 20 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ بدھ کو سیکنڈ ایڈیشنل جج، ریونیو، نے لال پورہ، بھیم نگر، بہار کے رہنے والے سنتوش کمار پاسوان ولد سیدر پاسوان کو پولیس اسٹیشن کرالہ کھڈ سرینگر میں درج ایف آئی آر زیر نمبر 201632 میں مجرم قرار دیتے ہوئے یہ سزا سنائی۔ عدالت نے یہ حکم بھی جاری کیا ہے کہ مجرم پر عائد کی گئی کل سزا میں سے اب تک گزرنے والی مدت ختم کی جائے۔
سرینگر پولیس نے پاسوان کے خلاف سال 2016 میں ایک نابالغ لڑکی کے اغوا اور عصمت دری کے سلسلے میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ استغاثہ کے مطابق یکم ستمبر 2016 کو لڑکی کے والد نے پولیس اسٹیشن کرالہ کھڈ میں شکایت درج کی تھی کہ ان کی بیٹی اچانک گھر سے لاپتہ ہوگئی ہے تاہم انہیں شک ہے کہ اسے اغو کیا گیا ہے۔ انہوں نے شکایت میں یہ بھی کہا تھا کہ ان کے گھر میں سنتوش کمار پاسوان نام کا ایک غیر مقامی شہری مستری کا کام کرتا تھا جو کام ختم کرنے کے بعد بھی ان کے گھر آتا جاتا تھا، جس پر انہیں شک ہے۔