سری نگر: جموں و کشمیر میں پولیس نے ہفتے کے روز سری نگر شہر میں متعدد مقامات پر کئی افراد کے مکانوں کی تلاشی لی جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعہ جھوٹ پر مبنی اطلاعات پھیلارہے تھے جن سے نقص امن کا خطرہ رہتا ہے۔ سری نگر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ تلاشیاں پولیس اسٹیشن شیرگڑی کے دائرہ اختیار میں غیر قانونی سرگرمیاں کی روک تھام سے متعلق ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعہ 13 کے تحت درج کیس (ایف آئی آر نمبر 65/2024) کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر کی گئیں۔
بیان کے مطابق تحقیقات میں ان افراد کو نشان زد کیا گیا ہے جو مبینہ مخالفین کے کہنے پر جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی بیانیہ کھڑنے اور اسے آن لائن عام کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ترجمان نے تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سرینگر پولیس نے این آئی اے کورٹ سے اویس ریاض ڈار ولد ریاض احمد ڈار ساکن بونہ پورہ بٹہ مالو اور ایچ ایم ٹی، زینہ کوٹ سے ساحل احمد بٹ ولد نور محمد کی رہائش گاہوں کی تلاشی کے لیے سرچ وارنٹ حاصل کیے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیاکہ تلاشیوں کے دوران مجرمانہ مواد اور الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے ہیں۔ دیگر مشتبہ افراد کے گھروں پر مزید چھاپے مارنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ بھی اس پرپگینڈے میں ملوث رہے ہیں۔