سری نگر: جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (این سی) لیڈر اور سری نگر سے رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کو خط لکھ کر کشمیری انجینئر عبدالرفیع بابا کی سعودی عرب میں گرفتاری کے معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔ سری نگر کے صورہ سے تعلق رکھنے والے کشمیری انجینئر رفیع گزشتہ چار سالوں سے غیر واضح حالات میں سعودی عرب میں قید ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مہدی کے دفتر نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے وزیر خارجہ اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی۔ پوسٹ میں لکھا کہ، فوری اپیل: روح اللہ مہدی نے وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر کو سعودی عرب میں ایک کشمیری شہری کی قید کے حوالے سے خط لکھا ہے۔ انہوں نے اس کی رہائی اور بحفاظت گھر واپسی کے لیے فوری مداخلت پر زور دیا ہے۔ امید ہے وزیر خارجہ ہند مدد کو یقینی بنائے گے۔
واضح رہے، یکم فروری کو ای ٹی وی بھارت نے کشمیری انجینئر کی سعودی عرب میں قید کی خبر کو تفصیل سے شائع کیا تھا۔ 36 سالہ عبدالرفیع بابا کے خاندان کے مطابق، اسے کام کی جگہ سے اٹھایا گیا اور بعد میں سعودی پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ یکم مارچ 2020 کو یہ خبر ان کے گھر والوں تک پہنچی۔ تب سے، اس کا خاندان رہائی کی کوششوں میں لگا ہوا ہے۔ خاندان ہر دروازے پر دستک دے رہا ہے، نہ ختم ہونے والی پوچھ تاچھ کر رہا ہے، اور عبدالرفیع بابا کی خیر خیریت اور اس کے ٹھکانے کے بارے میں جاننے کے لیے بھٹک رہا ہے۔