گاندربل (جموں کشمیر) :پانچ روز تک مسلسل بند رہنے کے بعد جمعرات کو سرینگر لیہہ شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو کرگل کی جانب روانہ ہونے کی اجازت دی گئی۔ گزشتہ ہفتے کو ہوئی موسلادھار بارشوں اور زوجیلا پاس پر برفانی تودے اور چٹانیں کھسکنے کے بعد انتظامیہ نے لداخ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔
لداخ شاہراہ پر ٹریفک معطل ہونے کی وجہ سے شاہراہ کے دونوں طرف سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوگئی تھیں، جس کے بعد بیکن اہلکاروں نے سونہ مرگ کی طرف سے جبکہ پروجیکٹ ویجیک نے منی مرگ کی طرف سے زوجیلا درے سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا تھا۔ زوجیلا درے پر برف ہٹائے جانے کے بعد متعلقہ اہلکاروں محکمہ ٹریفک نے شاہراہ کا معائنہ کیے جانے کے بعد ہی ٹریفک کی نقل و حمل کی اجازت دی۔