اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

شوپیان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق بیداری پروگرام کا انعقاد - Awareness Program in Shopian - AWARENESS PROGRAM IN SHOPIAN

Solid Waste Management Awareness Program جموں و کشمیرکے شوپیان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق شعور بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اسکولی طلبا نے شرکت کی۔

Etv Bharat
Etv Bharat (Etv Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 29, 2024, 7:18 PM IST

شوپیان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق بیداری پروگرام کا انعقاد (Etv Bharat)

شوپیان: میونسپل کونسل شوپیاں نے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی شوپیاں کے تعاون سے محمدیہ اسکول شوپیاں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے بارے میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام شہر کی صفائی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایک اہم قدم تھا، جس کا مقصد شہریوں کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی اہمیت اور اس کے صحیح طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔ یہ بیداری پروگرام محمدیہ اسکول شوپیاں کے احاطے میں منعقد کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں طلباء، اساتذہ، اور مقامی شہریوں نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز سیکریٹری میونسپل کونسل شوپیان اسداللہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کیا ۔انہوں نے بتایا کہ کس طرح کچرے کو صحیح طریقے سے منظم کرکے ہم نہ صرف اپنے ماحول کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ مختلف بیماریوں سے بھی بچ سکتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے نمائندے ایڈوکیٹ رافی احمد گنائ نےسالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے قانونی پہلوؤں پر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مختلف قوانین اور ضوابط بنائے ہیں جن کا مقصد کچرے کی صحیح طریقے سے نکاسی اور ری سائیکلنگ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان قوانین کی پابندی کرے اور اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھے۔

پروگرام میں مختلف ماہرین نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ انہوں نے کچرے کو الگ الگ کرنے، ری سائیکلنگ کے فوائد، اور کمپوسٹنگ کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ ایک ویڈیو پریزنٹیشن بھی دکھائی گئی جس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مختلف مراحل کو تفصیل سے دکھایا گیا۔ پروگرام کے آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے ماہرین سے مختلف سوالات پوچھے۔ ماہرین نے بڑی تفصیل اور صبر کے ساتھ تمام سوالات کے جوابات دیے اور شرکاء کی رہنمائی کی۔ پروگرام کے اختتام پر محمدیہ اسکول کے استاد بلال احمد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کرتے رہیں گے تاکہ شوپیاں کو ایک صاف اور سرسبز شہر بنایا جا سکے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details