اننت ناگ (جموں کشمیر) :دستکاروں اور ثقافتی شعبہ سے وابستہ افراد کو ڈیجیٹل دنیا سے آگاہ کرنے کی غرض ’’دی سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف انڈیا‘‘ (SIDBI) نے ڈیجیٹل خواندگی اور ڈیجیٹل پروموشن پروگرام کو جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں دستکاروں تک پہنچانے اور انہیں ڈیجیٹائزیشن سے آگاہ کرنے کی غرض سے بیداری کیمپس کا انعقاد شروع کر دیا ہے۔
اسی پروگرام کے تحت جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کوکرناگ کے ساگام علاقے میں نئے 50 کاریگروں کے لئے ایک خصوصی کیمپ شروع کیا گیا ہے۔ سب ضلع کوکرناگ کے حدود میں پہلی بار ایسے پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے دستکاری صنعت سے وابستہ افراد کو تربیت دی جا رہی ہے۔ پروگرام کے تحت کم از کم 50 کاریگروں، مائیکرو یونٹس کو ڈیجیٹائز کرنے اور انہیں فروغ دینے پر زوردیا جائےگا۔ اسمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف انڈیا کے منشور میں ڈیجیٹل صلاحیت کی ترقی، ٹیکنالوجی، مارکیٹنگ، نیٹ ورکنگ اور تعاون کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ اور سپورٹ جیسے مدعے شامل ہیں۔