سرینگر: ایس آئی اے نے ایک نارکو ٹیرر فنڈنگ ماڈیول کے سلسلے میں دو ملزمان اور ان کے دوسرے ساتھیوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی نے پیر کے روز نارکو ٹیرر فنڈنگ معاملے میں دو ملزمان اور ان کے دوسرے ساتھیوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زاہد خواجہ اور ضمیر احمد لون کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ اور یو اے پی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت خصوصی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔
ترجمان کے مطابق زاہد احمد خواجہ کو گزشتہ سال ستمبر کے مہینے میں گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے 3.565 کلو گرام وزنی ہیرؤن کی ایک بڑی کھیپ برآمد کی گئی، جبکہ ضمیر احمد لون لشکر طیبہ کا ایک سرگرم عسکریت پسند ہے جو کہ اصل میں کشمیر کا رہائشی ہے لیکن اب پاکستانی زیر قبضہ کشمیر /پاکستان میں مقیم ہے۔
ان کے مطابق زاہد خواجہ اور ضمیر احمد لون اور دیگر افراد نے کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے ساتھ مل کر سرحد پار سے غیر قانونی طورپر منشیات کی اسمگلنگ اوراس کے ذریعے فنڈز اکھٹے کرنے کی مجرمانہ سازش رچائی۔انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات سے حاصل ہونے والی رقم کو مالی معاونت ، دہشت گرد کارروائیوں اور دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کی معاونت کے لئے استعمال میں لایا گیا۔