پونچھ (جموں کشمیر):سرحدی ضلع پونچھ میں مرکزی جامع مسجد شریف، منڈی میں حسب سابق امسال بھی محرم الحرام کی نسبت سے شہید اعظم کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس کے دوران مقامی علماء و خطاء نے واقعہ کربلا اور اس کے حقیقی پس منظر پر روشنی ڈالی اور شہداء کربلا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مقامی علماء کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر سے معروف خطیب بلال احمد صاحب کمہار کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
شہید اعظم کانفرنس میں منڈی تحصیل کے مختلف علاقوں سے خاصی تعداد میں فرزندان توحید نے شمولیت کرکے علماء و خطباء کرام کے بیانات سنے۔ کانفرنس کے دوران حسب روایت قرآن خوانی، ختمات المعظمات، درود و اذکار کی محفل منعقد ہوئی۔ بعد ازاں علماء کرام کے بیانات پر مبنی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں علماء کرام نے فلسفہ کربلا پر روشنی ڈالی۔ شہید اعظم کانفرنس کا اختتام صلاة و سلام اور دعائیہ مجلس پر ہوا، جس میں عالم اسلام اور بالخصوص جموں کشمیر کی خوشحالی، سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ پروگرام کے آخر پر تمام لوگوں میں تبرک بھی تقسیم کیا گیا۔