جموں:جموں و کشمیر کے سانبہ، پونچھ اور رامبن اضلاع میں گذشتہ روز چار الگ الگ سڑک حادثات میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق 55 سالہ بھیم گری اور 52 سالہ سریش کمار جو ناروال بائی پاس کے رہائشی تھے، کی موت اس وقت ہوئی جب ان کی دو پہیہ گاڑی جموں-پٹھان کوٹ ہائی وے پر سامبا کے پل پر مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
یہ حادثہ صبح 10 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب دونوں پٹھان کوٹ کی طرف جارہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ جموں جانے والے ٹرک کا ڈرائیور موقعے سے فرار ہو گیا اور اس کی تلاش جاری ہے۔
ضلع پونچھ کے علاقے سورن کوٹ میں صبح 11.30 بجے کے قریب 26 سالہ محمد نصیر خان نام کا ایک نوجوان کی مسافر بردار گاڑی سڑک سے پھسل کر 100 میٹر سے زیادہ کھائی میں جا گری۔ نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ادھمپور کے گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی
پولیس نے بتایا کہ 17 سالہ صبورہ رفیق کی موت اس وقت ہوئی جب وہ رامبن ضلع میں جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ پر بانہال کورٹ کمپلیکس کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک کی زد میں آ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ انہوں نے لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزام میں ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
اسی شاہراہ پر رامبن کے مقام پر ایک اور حادثے میں ایک ڈرائیور ہلاک اور دو مسافر اس وقت زخمی ہو گئے جب ایک ٹرک سڑک کے کنارے کھڑے ڈمپر کو ٹکر مار دیا۔