سرینگر:کُل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) نے صوبہ جموں کے ریاسی ضلع میں پیش آئے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’اس طرح کا انسانیت سوز معاملہ انتہائی تشویش کن ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔‘‘ علیحدگی پسند تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’حریت کانفرنس، انسانیت کے خلاف ہر قسم کے تشدد کی ہمیشہ مذمت کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ کیونکہ اس طرح کی کارروائیوں کے دوران قیمتی انسانی جانوں کا زیاں نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ یہ ایک انتہائی پریشان کن معاملہ ہے۔‘‘
حریت کانفرنس نے بس حادثہ میں ہلاک ہوئے افراد کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ قبل ازیں متعدد سیاسی و سماجی تنظیموں نے یاتریوں پر حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کی تلقین کی ہے۔ جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے آج اسپتال کا دورہ کرکے زخمی ہوئے یاتریوں کی عیادت کی۔ بعد ازاں میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف جلد ہی سخت کارروائی انجام دی جائے گی۔