جموں (جموں کشمیر) :جموں پارلیمانی سیٹ سے انڈیا بلاک کے امیدوار اور کانگریس کے سینئر لیڈر رمن لال بھلا کے فرزند جئے سدھ بھلا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جے سدھ پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا ایک فرضی (قابل اعتراض) ویڈیو وائرل کرنے کا الزام ہے۔ جئے سدھ نے اس معاملے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے پیشگی ضمانت حاصل کر لی ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک وکیل نے جموں کے تریکوٹہ نگر پولیس اسٹیشن میں امیت شاہ کا جعلی ویڈیو وائرل کیے جانے کے خلاف شکایت درج کی تھی۔ پولیس نے اس ضمن میں جئے سدھ بھلا کے علاوہ ایک اور نوجوان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153A کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ کیس درج ہوتے ہی جئے سدھ نے عدالت میں پیشگی ضمانت کی درخواست دی تھی۔
جموں کے ڈسٹرکٹ جج سنجے پریہار نے جمعرات کو بھلا کے فرزند کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ جئے کو 8 مئی تک 50 ہزار روپے کے مچلکے پر مشروط پیشگی ضمانت دی گئی۔ ساتھ ہی حکومتی وکیل کو اس معاملے میں نوٹس جاری کرنے اور اعتراضات درج کرنے کو کہا گیا ہے۔ عدالت کے مطابق ضمانت کے دوران بھلا کے فرزند کو اس کیس میں گواہوں سے بات کرنے سے منع نہیں کیا گیا ہے۔ اور نہ ہی وہ کسی بھی طرح شواہد سے چھیڑ چھاڑ کرے گا۔ اس کے علاوہ کیس کی تفتیش میں تفتیشی افسران کے ساتھ پورا تعاون بھی کریں گے۔