پلوامہ(جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعرات کی سہ پہر سکیورٹی فورسز نے باڈی باغ پاہو کے نزدیک ایک مشتبہ آئی ای ڈی ناکارہ بنایا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر سکیورٹی فورسز نے معمول کی چیکنگ کے دوران پاہو کے نزدیک ایک مشتبہ بارودی شئے برآمد کی، جس کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل کو روک کر بم ڈسپوزل اسکارڈ کو جائے وقوع پر طلب کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکارڈ نے بعد ازاں مشتبہ بارودی مواد کو ناکارہ بناکر ایک بہت بڑے حادثے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹال دیا۔ذرائع نے بتایا کہ یوم جمہوریہ سے ایک دن قبل پلوامہ میں مشتبہ آئی ای ڈی برآمد ہونے کے بعد ضلع بھر میں سکیورٹی فورسز کو الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔