کٹھوعہ (جموں کشمیر):صوبہ جموں کے کٹھوعہ ضلع میں سیکورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بات ضلع کے جٹھانا گاؤں کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کر دی ہے۔ حفاظتی اہلکاروں کو مقامی ذرائع سے چند مشکوک افراد کے علاقے میں گھومنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد جموں و کشمیر پولیس، فوج اور نیم فوجی دستے کی مشترکہ ٹیم نے فوری طور علاقے کا رخ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
سیکورٹی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دوران شب جٹھانہ گاؤں میں پانچ افراد کو مشکوک نقل و حرکت کرتے دیکھا گیا ہے اور ان کے پاس ہتھیار ہونے کی بھی اطلاع سیکورٹی فورسز کو دی گئی ہے۔ پولیس کو ہتھیار لئے پانچ افراد کی اطلاع موصول ہونے کے ساتھ ہی انہوں نے فوج کو مطلع کیا اور مشترکہ ٹیم علاقے میں روانہ کی۔ سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور جٹھانہ گاؤں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی کے پہرے بٹھائے گئے ہیں۔