کٹھوعہ (جموں کشمیر) :صوبہ جموں کے کٹھوعہ ضلع میں سرحد کے قریب مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج اور جموں کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے علاقے میں تلاشی مہم شروع کی ہے۔ ضلع میں سرحدی علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے اور علاقے سے آخری اطلاع ملنے تک تلاشی مہم جاری تھی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دو افراد کی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع سیکورٹی فورسز کو دی گئی جنہوں نے فوری طور پر ضلع کے جندور بیلٹ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ ضلع کٹھوعہ میں چند روز قبل ہی جموں کشمیر پولیس نے عسکریت پسندوں کے آٹھ اوور گراؤنڈ ورکرز کو گرفتار کیا۔ کٹھوعہ پولیس کے مطابق یہ افراد غیر ملکی عسکریت پسندوں کی دراندازی میں سہولت کاری میں بھی ملوث تھے۔ پولیس بیان کے مطابق کٹھوعہ ضلع میں عسکریت پسندوں کے اس ماڈیول کو بے اثر کرنا سیکورٹی ایجنسیز کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ یہ گروہ بھارت - پاکستان سرحد کے ساتھ ساتھ ضلع ڈوڈہ، ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع کے بالائی علاقوں میں عسکریت پسندوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرتا تھا۔