کٹھوعہ(جموں کشمیر): جموں صوبے کے کٹھوعہ ضلع میں منگل کی صبح شروع کیا گیا سرچ آپریشن بدھ کو دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ضلع کے جوتھانہ علاقے میں پیر کی رات مصلح افراد کو دیکھے جانے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو محاصرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ضلع کے جوتھانہ علاقے میں شروع کیے گئے آپریشن کا دائرہ دوسرے روز وسیع کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے بلور کے بھینی نالے کے اطراف بھی تلاشی کارروائی انجام دی۔
ذرائع کے مطابق پیر کی رات چار مسلح افراد کو پولیس چوکی جاکھول کے تحت آنے والے جوتھانہ گاؤں میں دیکھا گیا جنہوں نے ایک گھر میں داخل ہوکر وہاں موجود خاتون سے کھانے کا مطالبہ کیا۔ مسلح افراد کو دیکھ کر گھر میں موجود خاتون نے پڑوسیوں کو جمع کیا جس کے پیش نظر ’’مصلح افراد‘‘ وہاں سے فرار ہو گئے تاہم مقامی باشندوں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کر دیا۔