بارہمولہ:حکام نے بدھ کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے رفیع آباد گاؤں میں محاصرے اور تلاشی کارروائی کے پیش نظر دو تعلیمی اداروں کو بند کر دیا۔ حکام کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج ہادی پورہ اور پنش میں کلاس ورک بدھ کو معطل رہے گا۔ حکام کے مطابق ’’یہ فیصلہ طلباء اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے اور مخصوص علاقے کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے تحت لیا گیا ہے۔‘‘
حکام نے بتایا کہ بدھ کی صبح علاقے کو محاصرہ میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی گئی جس کے بعد ٹریفک کو بھی موڑ دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیز کو علاقے میں عسکریت پسندوں کو چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز کو علاقے کے میں مشتبہ نقل و حمل کی خفیہ اطلاع ملی جس کے بعد پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔