سرینگر:مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ موسمی خرابی کی وجہ سے اتوار کو سیاچن سرحد پر نہیں پہنچ پائے، جہاں ان کو تعینات فوجی اہلکاروں کے ساتھ ہولی کا تہوار منانا تھا، تاہم انہوں نے لیہہ قصبہ میں ہی فوجی اہلکاروں و افسران کے ساتھ یہ تہوار منایا۔ وزیر دفاع آج صبح لیہہ قصبہ پہنچے جہاں ان کو سیاچن کے سرد ترین سرحد پر فوجی اہلکاروں کے ساتھ ہولی منانے کا پروگرام تھا، لیکن موسم کی خرابی کے باعث مذکورہ وزیر نے لیہہ میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ یہ تہوار منایا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
تہوار منانے کے بعد وزیر دفاع نے فوجی اہلکاروں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمت اور وطن کی محبت سے ہی ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں اور عام لوگ امن و چین کی سانس لے پارہے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اگرچہ سرحدوں پر کچھ غیر یقینی واقعات پیش آتے ہیں، لیکن فوجی اہلکاروں کی ہمت و حوصلہ اور جذبے سے ملک محفوظ ہے اور پھل پھول رہا ہے۔ انہوں نے کہا پورا وطن فوجی اہلکاروں کا مشکور و ممنون ہے۔