اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

سجاد لون نے کی دفعہ 370 قرارداد کی حمایت، تاہم اسے ’مبہم‘ قرار دیا - SAJAD LONE

سجاد لون نے دفعہ 370 قرارداد کی حمایت کی تاہم متن کے مبہم الفاظ پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے وضاحت کا مطالبہ کیا۔

سجاد لون نے کی دفعہ 370 قرارداد کی حمایت
سجاد لون نے کی دفعہ 370 قرارداد کی حمایت (ETV Bharat Graphics)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Nov 6, 2024, 8:09 PM IST

سرینگر (جموں کشمیر) :پیپلز کانفرنس کے سربراہ اور ہندوارہ حلقہ سے منتخب رکن اسمبلی سجاد غنی لون نے جموں و کشمیر اسمبلی میں حزب اقتدار نیشنل کانفرنس (این سی) کی جانب سے پیش کی گئی خصوصی حیثیت کی بحالی سے متعلق قرارداد کی حمایت کی ہے تاہم انہوں نے اس قرارداد کو مبہم قرار دیتے ہوئے کہا: ’’اس میں غیر واضح الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔‘‘

لون نے کہا کہ اس قرارداد کو عوام کی امنگوں کے مطابق واضح اور دو ٹوک ہونا چاہیے تھا اور 5 اگست 2019 کی تبدیلیوں کی سخت مذمت شامل ہونی چاہیے تھی۔ سجاد لون نے کہا: ’’ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہم کسی بھی ایسی چیز کی حمایت کریں گے جو آرٹیکل 370، 35 اے کی بحالی یا ریاستی حیثیت کی بحالی سے متعلق ہو اور ہر اس فیصلے کی مذمت بھی کریں گے جو اکثریت کی جانب سے جموں کشمیر پر تھوپا گیا ہو۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’اسمبلی کا کردار اہم ہے کیونکہ یہ خطے کی پہلی منتخب باڈی ہے۔‘‘ لون نے انکشاف کیا کہ ان کی پارٹی نے اسمبلی کے اجلاس میں 5 اگست 2019 کے واقعات پر گفتگو کے لیے خصوصی درخواست دی تھی لیکن آج کی قرارداد کے پیش نظر اس پر اصرار نہیں کیا۔ لون نے قرارداد کی زبان پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس میں مزید وضاحت کی ضرورت ہے تاکہ کوئی ابہام نہ رہے۔‘‘

واضح رہے کہ بدھ کو جموں کشمیر اسمبلی میں این سی کی جانب سے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی جسے اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے صوتی ووٹ سے منظور کیا۔ این سی کے علاوہ کانگریس، پی ڈی پی، عام آدمی پارٹی اور سجاد لون نے بھی حمایت کی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details