بڈگام (جموں کشمیر) :لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے ’’ہر پنچایت میں کھیل کا میدان‘‘ فراہم کرنے کے وعدے کے برعکس وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں سویہ بگ نامی علاقے کے نوجوان ایک مناسب کھیل کے میدان کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ برسوں قبل کھیل کے میدان کو منظوری ملنے کے باوجود اس علاقے میں کھیل کے میدان کی تعمیر ایک خواب بنی ہوئی ہے۔
سویہ بگ کے نوجوانوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’ہم اپنی ایتھلیٹک صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بے چین رہتے ہیں، ہمیں اپنے کھیل کود کے شوق کو پورا کرنے کے لیے آس پڑوس کے دیہات کا رخ کرنا پڑتا ہے۔‘‘ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ان کے لیے کرکٹ اور فٹ بال جیسے کھیل سرگرمیاں ایک خواب کے ہی مانند ہیں جسے وہ کبھی پورا نہیں کر سکتے۔