پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں بٹہ گنڈ کے باشندوں نے محکمہ صحت کے خلاف خاموش احتجاج درج کرتے ہوئے این ٹی پی ایچ سی (NTPHC) میں معقول اسٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنائے جانے کا مطالبہ کیا تاکہ اس طبی مرکز پر منحصر ایک وسیع آبادی کو راحت مل سکے۔ احتجاج کر رہے لوگوں نے الزام عائد کیا کہ اسپتال کی عمارت پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے لیکن اسٹاف موجود نہ ہونے سے وسیع علاقے میں رہائش پذیر آبادی کو معمولی طبی معائینہ کے لئے تحصیل صدر مقام، ترال یا سرینگر جانا پڑتا ہے۔
احتجاجیوں نے مزید کہا کہ اسپتال میں سال دو ہزار بارہ میں ایک ایکس رے مشین نصب تو کی گئی لیکن مشین بارہ برسوں کے دوران ایکس رے ٹیکنیشن نہ ہونے سے زنگ آلود ہو چکی ہے جبکہ دیگر سیکشن کا بھی یہی حال ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’طبی اور نیم طبی عملہ کی ایک بڑی تعداد کو اسی سینٹر سے تنخواہ تو نکالی جاتی ہے لیکن زمینی سطح پر یہاں ڈاکٹر ہی تعینات نہیں ہوتے۔‘‘