کولگام (جموں کشمیر):معاشرے کو منشیات سے مکمل طور پاک کرنے کے لئے جموں کشمیر پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران وادی خاص کر جنوبی کشمیر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت ضلع کولگام کے نُسو بدراگُنڈ علاقے میں کولگام پولیس کی جانب سے ایک اور کارروائی عمل میں لائی گئی، جس دوران پولیس کی ایک ٹیم نے مذکورہ علاقے میں بشیر احمد گنائی نامی ایک رہائشی کے مکان کو منسلک کیا۔
جموں کشمیر پولیس کی جانب سے قرق کیے گئے رہائشی مکان پر نوٹس چسپاں کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق بشیر احمد گنائی ایک بدنام زمانہ منشیات فروش ہے، جسے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت دو ماہ قبل گرفتار کیا گیا ہے، اور وہ اس وقت کوٹ بلوال جیل جموں میں قید ہے۔ پولیس بیان کے مطابق اس ضمن میں درج ایک کیس کی مکمل تحقیقات کے بعد گنائی محلہ، نسو بدراگنڈ میں بشیر احمد کے دو منزلہ پختہ مکان کو اٹیچ کیا گیا۔