پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں گزشتہ دنوں آتشزدگی کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں لاکھوں روپے مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں۔ ضلع کے ابہامہ علاقے میں بھی خلیل محمد وگے نامی ایک رہائشی کے دو منزلہ مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ آتشزدگی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ کے سبب مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔
مقامی نوجوانوں نے بتایا کہ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ فائیر اینڈ ایمرجنسی سروسز عملہ کے یہاں پہنچنے سے قبل ہی مکان پوری طرح خاکستر ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی باشندوں نے آگ کو بجھانے کی کوشش کی تاہم وہ اس میں ناکام رہے یہاں تک کہ مکان پوری طرح آگ کی نذر ہو گیا۔ لوگوں نے بتایا کہ فائر سروسز نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا تاہم تب تک لاکھوں روپے مالیت کا سامان مع رہائشی مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے تھے۔