رامبن:جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن میں قومی شاہراہ پر رامبن کے نزدیک بیٹری چشمہ کے مقام ایک دلدوز سڑک حادثے میں 10 آفراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ ریسکو آپریشن کے بعد تمام لاشوں کو کافی مشقت کے بعد جائے وقوع سے نکالا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں سے سرینگر جا رہی ایک ٹیکسی قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک لڑھک کر قریب 8 سو فٹ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں کم سے کم دس افراد کی موت واقع ہوئی۔
جموں وکشمیر پولیس نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: 'رامبن کے بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک قومی شاہراہ پر ایک مسافر بر دار ٹیکسی ایک گہری کھائی میں جا گری'۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سیول کیو آر ٹی رام بن جائے واردات پر موجود ہیں اور بڑے پیمانے پر بچائو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہیں اس حادثے کے متعلق رات کے سوا ایک بجے اطلاع موصول ہوئی۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت کھائی سے برستی بارش کے بیچ دس لاشوں کو نکالا گیا ہے، جن میں سے دو کی شناخت معلوم ہوئی ہے۔
شناختی کارڈوں کے مطابق ایک کی شناخت 47 سالہ بلون سنگھ ولد پورب سنگھ ساکن امبگروٹہ جموں جبکہ دوسرے کی شناخت وپن مکھایا ولد ویشو ناتھ مکھایا ساکن مغربی چمپارن بہار کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں 8 افراد کا تعلق بھی بہار سے ہیں۔
پولیس، ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور رامبن کے سول کوئیک ریسپانس ٹیم نے فوراً ریسکیو آپریشن کو شروع کیا۔تاہم علاقے میں مسلسل بارش کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں میں کافی دکتیں پیش آئی ہے۔ کافی وقت کے بعد ریسکیو ٹیم نے تمام متوفین کی لاشوں کو گہری کھائی سے نکالا۔