سرینگر: ماہ صیام کے ان متبرک ایام کے دوران گھر یا بازار میں جو چیز سب سے زیادہ دیکھنے کو مل رہی ہے وہ ہے کھجور۔ بازاروں میں جہاں لوگ مختلف اشیا کی خریدو فروخت کرتے نظر آرہے ہیں وہیں بازاروں میں دستیاب مختلف اقسام کے کھجور کی خریداری میں بھی خاصا اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ کھجور کی بڑھتی مانگ کے پیش نظر یہاں کے کاروباریوں نے سعودی عرب اور ایران سمیت دیگر عرب ممالک سے الگ الگ اقسام کے کھجور درآمد کیے ہیں۔
افطاری کے لیے لوگ الگ الگ طرح کے کھجور خریدتے نظر آرہے ہیں۔ کھجور سے افطار کرنے کی روایت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور سے چلی آرہی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کھجور تناول کرنے کو کافی پسند فرماتے تھے۔ کھجور سے روزہ کھولنا نہ صرف سنت ہے، بلکہ اس کی طبی لحاظ سے بھی کافی اہمیت و افادیت ہے۔
ماہ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ ہم سے جدا ہورہا ہے۔ اب دوسرا عشرہ، "بخشش و مغفرت " اپنی تمام تر نیکیوں، فیوض و برکات اور رحمتوں کے ساتھ سایہ فگن ہے۔ نیکیوں کے اس موسم بہار میں مساجد میں مصلیوں کی بھاری تعداد دیکھنے کو مل رہی ہے جب کہ فرزندان توحید اللہ کے حضور سر بہ سجود ہوکر اپنے گناہوں کی معافی طلب کر رہے ہیں۔