بارہمولہ (جموں و کشمیر): شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور ڈانگر پورہ میں آج کانگریس کی جانب سے ایک انتخابی ریلی منعقد کی گئی۔ اس دوران کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے پروگرام میں شرکت کی اس موقعے پر جموں و کشمیر کانگریس کے تمام چھوٹے بڑے لیڈر بھی موجود رہے۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ آج ہم کافی پرجوش ہیں کیونکہ آج راہل گاندھی ڈانگر پورہ سوپور آئے ہیں۔ لوگوں نے کہا کہ راہل گاندھی بھارت کے ایک بہت بڑے لیڈر ہیں اور ہم کو امید ہے کہ وہ ہمارے مسائل حل کریں گے۔ لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ دس سالوں سے ہم کو کافی مشکلات کا سامنا ہے اور بی جے پی کہتی ہے کہ ہم نے کشمیر کی عوام کے لیے کافی کام کیا ہے۔لیکن زمینی حقائق الگ ہیں اور ہم کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف سرکار کہتی ہے کہ ہم نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے کام کیا ہے لیکن دوسری طرف بےروزگاری اپنے عروج پر ہے اور دن بہ دن ہمارے مسائل میں صرف اضافہ ہو رہا ہے۔