سرینگر:وزارت داخلہ نے آئی پی ایس آفیسر آر آر سوین کی ملازمت سے ریٹائرمنٹ سے محض ایک ماہ قبل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں کشمیر، کے طور پر ان کی تقرری کنفرم کی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے: ’’مجاز اتھارٹی کی منظوری کے ساتھ اس وقت جموں و کشمیر کے ڈی جی پی کا اضافی چارج سنبھالنے والے جناب آر آر سوین کو جموں و کشمیر کے ڈی جی پی کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے، جو عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے 30-09-2024 تک یا اگلے احکامات تک، جو بھی پہلے واقع ہو، تک عمل آور رہے گا۔‘‘
سال 1991 کے اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے آئی پی ایس آفیسر سوین کو اکتوبر 2023 کو ایم ایچ اے نے انچارج ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے طور پر تعینات کیا تھا جبکہ وہ پولیس کے تفتیشی ونگ (CID) کے بھی سربراہ تھے۔ سوین نے اپنے فرائض کے علاوہ یکم نومبر 2023 سے جموں و کشمیر کے ڈی جی پی کا اضافہ عہدہ سنبھالا تھا اور وہ 30 ستمبر 2024 کو ملازمت سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ تاہم یہ دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا کہ آیا انہیں ملازمت میں توسیع ملتی ہے یا نہیں، کیونکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا، یو ٹی جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کے لیے تیاری کر رہا ہے کیونکہ 30 ستمبر سے پہلے اسمبلی انتخابات کرانے کی سپریم کورٹ کی آخری تاریخ بھی قریب ہے۔