سرینگر (جموں کشمیر) : حکومت نے عوام سے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ تین مارچ کو قومی حفاظتی ٹیکوں یعنی ’’پلس پولیو‘‘ Pulse Polio کے موقع پر اپنے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کی خوراک ضرور پلائیں۔ ان باتوں کا اظہار صحت و طبی تعلیم کے سیکریٹری سید عابد رشید شاہ نے ریاستی ٹاسک فورس کی میٹنگ کے دوران قومی امیونائزیشن ڈے کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے 2011 سے پولیو فری کی حیثیت بر قرار رکھی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ملک پولیو سے پاک رہے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی کوششیں دوگنی کرنی چاہئیں۔ انہوں نے عام لوگوں سمیت سبھی اسٹیک ہولڈرز سے ملک کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کی پولیو فری حیثیت کو برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے قومی حفاظتی ٹیکوں کے دن این آئی ڈی میں دل و جان سے شرکت کرنے کی اپیل کی۔