اننت ناگ:قدرت نے کشمیر کو نہ صرف حسن جمال سے مالامال کیا ہے بلکہ وادی کی آب و ہوا کو ایسا موثر بنایا ہے کہ وہ مختلف اور متنوع چیزوں کی کاشت اور پیداوار کے لئے موزوں ہے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ میں محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے تین سال قبل سوویٹ کارن یعنی میٹھی مکئی کی پیداوار کی شروعات کی گئی تھی۔ اگرچہ ابتدا میں محکمہ زراعت کو کسانوں تک بیج پہنچانے اور اُنہیں اس کے فوائد سے متعارف کرانے میں کافی محنت کرنا پڑی، تاہم سوویٹ کارن لوگوں میں جلد ہی مقبول ہوگئی اور آج لوگ خود چل کر محکمہ سے تعاون لے کر سوویٹ کارن کا بیج مفت حاصل کر لیتے ہیں۔
میٹھی مکئی کی فصل سے مستفید ہوئے کسان کا کہنا ہے کہ ابتدا میں محکمہ زراعت کے افسران نے کوکرناگ کے مختلف علاقوں کا جائزہ لیا، جس کے بعد انہوں نے ہمیں کہا کہ ایسے مقامات سوویٹ کارن کے لیے کافی موزوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں کے کسان اپنے کھیتوں میں سوویٹ کارن لگائیں گے تو ان علاقوں میں آنے والے وقت میں کافی اچھی فصل ہوسکتی ہے، جس کے بعد مقامی کسانوں نے بھی محکمہ کو اپنا تعاون پیش کیا۔ مقامی کسانوں کے مطابق میٹھی مکی سے انہیں اچھا منافع حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے ملازمین وقت وقت پر ان کسانوں کو صلاح مشورے دے کر کلیدی رول ادا کر رہے ہیں۔ تاہم کسانوں نے محکمہ سے گزارش کی کہ میٹھی مکئی کے لئے انہیں مارکیٹ فراہم کی جائے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا بھرپور فائدہ مل سکے۔
مزید پڑھیں: