رام بن (جموں کشمیر):صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع رام بن ’’حارث انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر ٹریننگ‘‘ نامی ایک نجی کمپیوٹر کوچنگ سنٹر نے غریب، مفلس اور یتیم بچوں کے لیے مفت کمپیوٹر کورس کا اعلان کیا ہے۔ کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ کے مالک، ثاقب کٹوچ، کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے یہ اقدام آج کے ڈیجیٹل دور کو مد نظر رکھ کر اٹھایاہے۔ ثاقب کٹوچ کا کہنا ہے کہ ’’یہ ایک نیک مشن کے تحت کوشش کی گئی ہے تاکہ ہمارے بچے کسی طرح پیچھے نہ رہیں۔‘‘
ثاقب کٹوچ کا دعویٰ ہے کہ انہیں ’’سکل انڈیا‘‘ یا کسی اور ادارے سے کوئی معاونت نہیں مل رہی ہے، وہ از خود اس مشن کو جاری و ساری رکھیں گے۔ تاہم انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے ان کی کوشش کی سراہنا کیے جانے اور ان کی حوصلہ افزائی کی بھی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خطہ پیر پنچال کے بچوں کو آج کے دور کے مطابق کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں۔ اور اس کے لیے انہوں نے غریب خاص کر یتیم بچوں کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے۔