سرینگر (جموں کشمیر):ملک میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر اور جموں کے دورے کا امکان ہے جس دوران وہ تعمیری پروجیکٹس بالخصوص جموں - سرینگر ریل لائن کا افتتاح بھی کریں گے۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا جموں کشمیر کا چھٹا دورہ ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ 20 فروری کو نریندر مودی جموں میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے جس دوران میں وہ سرینگر - جموں ریل لائن کا افتتاح کرنے کے علاوہ کئی ترقیاتی پروجیکٹس کا سنگ بنیاد یا افتتاح بھی کرنے جا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مودی سرینگر کا بھی دورہ کر سکتے ہیں، تاہم ابھی تک اس ضمن میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ اس سے قبل مودی جموں و کشمیر پانچ مرتبہ آ چکے ہیں۔ یاد رہے کہ سرینگر جموں ریل لائن ضلع ریاسی کے کھڑی گاؤں تک مکمل ہو چکی ہے اور آنے والے ہفتوں میں اس پر ریل چل سکتی ہے۔ تاہم کٹرہ تک ریل لائن ابھی زیر تعمیر ہے۔ اس ریل لائن کو مارچ تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، لیکن یہ مارچ تک مکمل نہیں ہو پائے گی۔ ریل حکام کا کہنا ہے کہ جون کے آخری ہفتے میں ریل لائن مکمل ہوگی جس کے بعد یہ بارہمولہ سے ادھمپور تک عوام کو دستیاب رہے گی۔