جموں: جموں پارلیمانی نشست کے لیے چار اپریل کو دوپہر تین بجے تک پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن تھا۔ چھ اپریل کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور آٹھ اپریل کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اس سیٹ پر ووٹنگ 26 اپریل کو ہوگی۔
اس دوران مذہبی مبلغ سوامی دیویا نند نے بھی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ سوامی دیویا نند نے کاغذات نامزدگی میں جو تفصیلات افڈیوٹ کے ذریعے دی ہیں، اس میں انہوں نے گھر کا پتہ سڑک کے کنارے رہنے کا دیا ہے، جبکہ بینک کھاتوں کے بارے میں بھی لکھا ہے کہ ان کے پاس کسی بھی بینک میں کھاتہ نہیں ہے اور نا ہی وہ کسی سرکاری یا نجی اسکول سے تعلم حاصل کرچکے ہیں بلکہ گروکل میں انہوں نے مذہبی تعلیم حاصل کی ہے۔
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے مذہبی رہنما سوامی دیویا نند سے خاص بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ مذہبی دائرے کو چھوڑ کر انتخابات لڑیں گے، تاکہ لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم نہ کیا جائے۔