بارہمولہ:جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں تین اشتہاری مجرموں کی اراضی کی صورت میں کروڑوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادوں کو منسلک کر دیا۔
پولیس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سب جج اوڑی کی طرف سے اجازت حاصل کرنے کے بعد پولیس نے بارہمولہ میں تین اشتہاری مجرموں کی جائیدادوں جو 30 کنال 15 مرالہ اراضی پر مشتمل ہے، کو منسلک کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں مجرم پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیر فرار ہوئے ہیں۔
بیان میں اشتہاری مجرموں کی شناخت محمد لطیف ولد شاہ محمد ساکن سلطان داکی، صدر الدین ولد عالم الدین ساکن مادیان اور عزیز الدین ولد امام الدین ساکن سنگتنگ گوہالن کے طور پر کی گئی ہے۔ ان میں محمد لطیف کی 18 کنال 6 مرلہ زمین، صدر الدین کی 9 مرلہ اراضی اور عزیز الدین کی 12 کنال اراضی کو منسلک کر دیا گیا ہے۔