جموں:جموں پولیس نے ملزم رویندر سنگھ عرف کاکا کو گرفتار کر لیا ہے جس نے کل ایک وکیل اور بی جے پی لیڈر کنو شرما کے بیٹے پر گولی چلائی تھی۔
پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ پولیس ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تین جنوری کو پولیس اسٹیشن بخشی نگر میں پارکنگ کے مسئلہ پر نیو پلاٹ علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی اطلاع ملی تھی۔
ایڈوکیٹ کنو شرما اپنی گاڑی پی ڈی ڈی لائن مین کے کمرے کے باہر ایک گلی میں پارک کر رہے تھے جس پر پی ڈی ڈی کے ایک ملازم رویندر سنگھ نے اعتراض کیا، جس کے نتیجے میں جھگڑا ہوا۔ جھگڑے کے دوران دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی۔
رویندر سنگھ نے اپنی لائسنس یافتہ پستول نکالی اور ایڈوکیٹ کنو شرما پر دو راؤنڈ فائر کر دیئے۔ کنو شرما کو فوری طور پر سروال اسپتال منتقل کیا گیا ۔جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد میں مزید علاج کے لیے جی ایم سی منتقل کیا گیا۔ جبکہ رویندر سنگھ جائے وقوعہ سے بھاگ گیا۔